عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/دعائوں، آنسوئوں اور اللہ اکبرکے نعروں کے گونج میں سال رواں میں مقدس حج کا فریضہ انجام دینے کے لئے 178 عازمین حج کا پہلا قافلہ اتوار کی صبح یہاں حج ہائوس سے روانہ ہوا پہلے قافلے کو ضلع مجسٹریٹ سری نگر بلال محی الدین بٹ اور ایس ایس پی سری نگر کی موجودگی میں مکہ معظمہ کے لئے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے میڈیا کو بتایا کہ حج ہائوس پر عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہاں اس سلسلے میں کئی روز سے تیاریاں جا رہی تھیں اور حج کمیٹی کے ملازمین نے عازمین کے لئے تمام سہولیات دستیاب رکھی تھیں۔
ان کا کہنا تھاآج ہم نے 178 عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کو روانہ کیا ہماری دعا ہے کہ وہ صحت مند رہیں اور تمام مناسک حج بخوبی انجام دیں۔حکام نے بتایا کہ 178 عازمین میں سے 96 مرد جبکہ 82 خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین کو صبح پانچ سے ساڑھے پانچ بجے تک پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھیاتوار کی علی الصبح ہی حج ہائوس پر عازمین حج اور ان کے احباب و اقارب جمع تھے جہاں ایک روحانی ماحول سایہ فگن تھا، حاجی اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے گلے مل کر اشک بار آنکھوں سے وداع کر رہے تھے۔
ایک عازم نے میڈیا کو بتایاخدا تمام مسلمانوں کو یہ سعادت نصیب فرمائے، ہم وہاں جموں وکشمیر کی ترقی اور امن کے لئے دعا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے عازمین کے لئے تمام تر اور بہترین انتطامات کئے گئے ہیں۔
ایک خاتون عازم نے بتایاکافی انتظار کے بعد ہمیں یہ موقع نصیب ہوا، اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو فریضہ حج انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بھدوری نے گذشتہ روز حج ہائوس کا دورہ کرکے انتطامات کا جائزہ لیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ امسال جموں وکشمیر سے زائد 3 ہزار 6 سو عازمین فریضہ حج انجام دینے کی سعادت نصیب ہونے کی توقع ہے۔
حج 2025:سری نگر سے 178 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ روانہ
