جاوید اقبال
مینڈھر // بس اڈہ مینڈھر کی بولی کو لے کر سومو یونین نے ہفتہ کے روز محکمہ دیہی ترقی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔سومو یونین کے صدر کفیل خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن بس اڈہ کی بولی نہیں کروائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کے بعض آفیسران کی ملی بھگت سے غیر ذمہ دار افراد بس اڈہ پر غنڈا گردی کر رہے ہیں، جو ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کبھی کوئی شخص ڈرائیور طبقے سے پیسے وصول کرتا ہے اور کبھی کوئی اور، جن کا نہ تو کوئی اختیار ہے اور نہ ہی کوئی اصول و ضابطہ۔کفیل خان نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو یونین ٹریفک کی آمد و رفت بند کر کے سخت احتجاج کرے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ کے افسران پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ دو ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود بولی نہیں کروائی گئی، جس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ سب کچھ افسران کی ملی بھگت سے ہو رہا ہے اور ڈرائیور طبقے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔سومو یونین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی انکوائری کروائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔