محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی شام نو بجے تک قریب چھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر درماندہ ٹریفک کو رات میں میں ہی بحال کرنے کے بعد ہفتے کی صبح سے شاہراہ پر معمول کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی ۔ہفتے کو مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے جبکہ مال گاڑیوں کو یکطرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی اور ہفتے کی شام تک سینکڑوں مسافر گاڑیوں اور ٹرکوں نے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا ۔جمعہ کے روز قریب تین بجے رام بن کے چمبہ سیری کے اوپر بادل پٹھنے کے نتیجے میں آئے سیلابی ریلوں سے بھاری ملبہ اور پانی شاہراہ پر واقع چمبہ سیری مندر کے پاس شاہراہ پر جمع ہوگیا۔ کئی سو فٹ پر پھیلے بھاری ملبہ کو صاف کرنے کیلئے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے مشینوں کو کام پر لگایا تھا اور پانچ گھنٹوں تک جاری بحالی کے مسلسل کام کے بعد رات نو بجے قریب شاہراہ پر ٹریفک درماندہ پڑے ٹریفک کو بحال کیا گیا تھا ۔اس دوران بانہال اور رام بن کے علاقوں میں مطلع مسلسل ابر آلود ہے اور کئی بار دُھوپ نکلنے کے باوجود موسم ابر آلود رہا۔ بانہال کے علاقوں میں ہفتے کی دوپہر بعد تین بجے بارشوں کی ہلکی پھلکی فوار بھی ہوئی ۔