یو این آئی
نئی دہلی//ہندوستان نے پہلگام میں گزشتہ ماہ کے ٹینٹ حملے کے بعد، قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کی بنیاد پر فوری طور پر پاکستان سے تمام اشیا کی درآمد ، تمام قسم کے ڈاک اور پارسل سروسزاور بندرگاہوں میں پاکستانی جہازوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستانی اشیاء کی در آمد
اگرچہ پلوامہ حملے کے بعد 2019 میں پاکستانی سامان پر عائد 200 فیصد درآمدی ڈیوٹی نے براہ راست درآمدات کو تقریباً روک دیا تھا، لیکن تازہ ترین فیصلہ میں پاکستانی درآمدات کی براہ راست اور بالواسطہ داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔اپریل-جنوری 2024-25 میں بھارت کی پاکستان کو برآمدات 447.65 ملین امریکی ڈالر رہی، یہ درآمدات مخصوص اشیا ء جیسے انجیر (78,000 امریکی ڈالر)، تلسی اور روزمیری جڑی بوٹیاں (18,856 امریکی ڈالر)، بعض کیمیکلز اور ہمالیائی گلابی نمک تک محدود تھیں۔ 2023-24 میں درآمدات 2.88 ملین امریکی ڈالر تھیں۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے 2 مئی کو ایک نوٹیفکیشن میں کہاکہ غیر ملکی تجارت کی پالیسی (FTP) 2023 میں ایک شق شامل کی گئی ہے “پاکستان سے آنے والے یا برآمد ہونے والے تمام سامان کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد یا ٹرانزٹ کو اگلے احکامات تک فوری طور پر روک دیا جائے گا” ۔اس نے مزید کہا کہ یہ پابندی “قومی سلامتی اور عوامی پالیسی” کے مفاد میں لگائی گئی ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ اس ممانعت کے کسی بھی استثنا کے لیے حکومت ہند کی منظوری درکار ہوگی۔
ڈاک اور پارسل سروسز معطل
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تنا ئوکے درمیان ہندوستان نے ہفتہ کو پاکستان سے ہوائی اور سطحی راستوں کے ذریعے تمام قسم کے ڈاک اور پارسلوں کا تبادلہ معطل کردیا ہے۔خدمات کو معطل کرنے کا حکم محکمہ ڈاک نے جاری کیا جو وزارت مواصلات کے تحت کام کرتا ہے۔بھارت نے 23 اپریل کو پاکستان کے خلاف تعزیری اقدامات کا اعلان کیا جس میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی، اٹاری کے مقام پر واحد آپریشن لینڈ بارڈر کراسنگ کو بند کرنا اور حملے کے سرحد پار روابط کے پیش نظر سفارتی عملے میں کم کرنا شامل ہے۔اس کے جواب میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے بند کر دی اور تیسرے ممالک سمیت بھارت کے ساتھ تمام تجارت معطل کر دی۔
بندرگاہوں میں داخلہ ممنوع
ہندوستان نے ہفتہ کو پاکستان کے جھنڈے والے جہازوں کو اپنی کسی بھی بندرگاہ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔یہ ہدایت فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اگلے نوٹس تک نافذ رہے گی۔وزارت بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی ہدایت کے مطابق پاکستان کے جھنڈے والے جہازوں کے بھارتی بندرگاہوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اس ہدایت میں ہندوستان کے جھنڈے والے جہازوں کو پاکستان کی بندرگاہوں پر ڈاکنگ سے بھی منع کیا گیا ہے۔قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے، ہدایت کو “عوامی مفاد اور ہندوستانی جہاز رانی کے مفاد میں، ہندوستانی اثاثوں، کارگو اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کو یقینی بنانے” کے لیے نافذ کیا گیا تھا۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے جھنڈے والے جہاز کو کسی بھی ہندوستانی بندرگاہ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہندوستانی پرچم والا جہاز پاکستان کی کسی بندرگاہ کا دورہ نہیں کرے گا۔