عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کی شام نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تاکہ جموں و کشمیر سے متعلق اہم مسائل،خاص طور پر خطے کی حالیہ پیش آنے والی صورتحال پر بات چیت کی جائے۔میٹنگ کے دوران، وزیر اعلیٰ عمر نے وزیر اعظم کو پہلگام کے سیاحتی مقام بائسرن وادی میں 22 اپریل کو ہوئے ملی ٹینٹ حملے کے تناظر میں موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے غم و غصے کے گہرے احساس کا اعادہ کیا۔انہوں نے وزیر اعظم کو تشدد کو مسترد کرنے میں جموں و کشمیر کے لوگوں میں یکجہتی کے گہرے احساس سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم کے دفتر کے ہینڈل نے X پر پوسٹ کیا: “جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ، عمر عبداللہ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔”عہدیداروں نے بتایا کہ عمر اور پی ایم مودی نے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ملاقات تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔پہلگام حملے کے بعد دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔28 اپریل کو جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے متفقہ طور پر پہلگام حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی، جو ملی ٹینسی کے خلاف متحد ہونے اور خطے کے امن اور ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے عوامی نمائندوں کی اجتماعی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔