مشتاق الاسلام
پلوامہ //ضلع شوپیان کے چتراگام بلاک کے بالا نوپورہ میں سیلف ہیلپ گروپ (ایس ایچ جی)سکیم کی معاونت سے کاروباری رکن، میمہ اختر نے اپنی محنت، عزم اور بصیرت سے مشروم کاشتکاری کو نہ صرف روزگار کا ذریعہ بنایا بلکہ درجنوں خواتین کیلئے اْمید کی نئی کرن بھی جگا دی۔جموں و کشمیر دیہی روزی معاش مشن (جے کے آر ایل ایم)کی مدد سے، میمہ نے اپنے گھر کے قریب اراضی کو ایک کامیاب مشروم فارم میں ڈھال دیا۔ ابتدا میں 650 تھیلوں سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ، آج خود کفالت، خود اعتمادی اور کامیابی کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔یہ کامیابی نہ تو اتفاقیہ تھی اور نہ ہی لمحوں کا کھیل بلکہ یہ میمہ کی مسلسل تربیت، رہنمائی اور غیر متزلزل حوصلے کا ثمر ہے۔ جے کے آر ایل ایم کی زیرنگرانی، میمہ نے نہ صرف مشروم اگانے کی تکنیکی مہارت حاصل کی بلکہ اپنے گاؤں کی دیگر خواتین کو بھی بااختیار بنا رہی ہیں۔ ایک گھریلو خاتون سے خودمختار زرعی ماہر کا سفر، اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر خواتین کو صحیح رہنمائی اور وسائل فراہم کیے جائیں تو وہ ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہیں۔