رمیش کیسر
نوشہرہ //بی جے پی کے قومی ایگزیکٹو کونسل کے رکن اور سابق ریاستی صدر رویندر رینہ نے ہفتہ کے روز سب ڈویژن نوشہرہ کے سرحدی دیہات کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مقامی آبادی سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات کا آغاز دو منٹ کی خاموشی سے ہوا جس کے بعد موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رویندر رینہ نے کہاکہ ’پہلگام حملے کے بعد حالات کافی کشیدہ ہیں، ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا ہوگا‘۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ان کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔رینہ نے سرحدی علاقوں کے عوام کے امن و یکجہتی کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے تمام طبقے ہمیشہ سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اور ان کا یہ جذبہ آج بھی برقرار ہے۔