عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//گوا کے مشہور شیرگاں لیرائی مندر میں اس وقت قیامت خیز مناظر دیکھنے کو ملے جب یاترا کے دوران شدید بھگدڑ مچ گئی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 30سے زیادہ افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند لیرائی دیوی کی یاترا میں شریک تھے۔ مندر کے احاطے میں بھیڑ اچانک بے قابو ہو گئی اور گھبراہٹ کے عالم میں لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے۔ عینی شاہدین کے مطابق کئی لوگ زمین پر گر گئے اور دوسروں کے پیروں تلے دب کر زخمی ہو گئے۔فوری طور پر پولیس اور دیگر ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ وزیراعلی پرمود ساونت نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور حکام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔یہ یاترا گوا کی سب سے بڑی مذہبی تقریبات میں شمار ہوتی ہے، جس میں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوتے ہیں۔ادھر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو ، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھگدڑ کی وجہ سے لوگوں کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرمو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’گوا کے شیرگاو میں ہونے والی افسوسناک بھگدڑ کے بارے میں جان کر دکھ ہوا، جس میں کئی جانیں گئیں‘‘۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا’’ اموات سے غمزدہ ہوں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ لوگوں کی مدد کر رہی ہے‘‘۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے غم کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ گاندھی نے ہفتہ کو کہا ’’ میں تمام سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ساتھ ہی، میں تمام زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں‘‘۔