عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے ہفتہ کے روز علاقائی جماعتوں کے درمیان جاری سیاسی چپقلش پر عارضی وقفے کی اپیل کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے، سجاد لون نے ’’سیاسی کیچڑ اچھالنے‘‘پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سیاسی گفتگو کے مواقع آئندہ بھی میسر آئیں گے، لیکن موجودہ حالات میں صبر و تحمل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، ہمارے پاس سیاست کرنے کے لیے اور بھی کئی مواقع ہوں گے، لیکن یہ کٹھن حالات ہیں۔ لاکھوں کشمیری طلباء اور تاجر کشمیر سے باہر موجود ہیں اور خوفزدہ ہیں۔ جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ کچھ یوٹیوبرز یہاں کشمیر میں آ کر ایک خاص منفی بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ کشمیریوں کی منفی تصویر کشی کرتا ہے۔ ایسے حالات میں مقامی جماعتوں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ سب انتہائی ناپسندیدہ اور غیر ضروری ہے۔
انہوں نے سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ کم از کم آئندہ ایک ماہ کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں وقفہ لیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ چلیے سچ تسلیم کریں یہاں کوئی بھی مکمل طور پر بے داغ نہیں ہے۔ لہٰذا کم از کم آئندہ ایک مہینے کے لیے وقفہ لینا بہتر ہوگا۔ یہ کوئی وعظ نہیں ہے۔ یقین کریں مجھے بھی سیاسی لڑائی کی خواہش ہے، لیکن ابھی نہیں۔سجاد لون نے کہا کہ وہ ان تناؤ بھرے لمحات میں سیاسی الزام تراشی سے گریز کریں گے۔
سجاد لون کی سیاسی جماعتوں سے اپیل ،تناؤ بھرے لمحات میں سیاسی الزام تراشی سے گریز کریں
