عظمیٰ نیوز سروس
چندی گڑھ// کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی)کی آئینی ضمانت دیے جانے کے مطالبے پر جاری کسان تحریک کے سلسلے میں 4مئی 2025کو ہونے والا مرکزی حکومت اور کسان تنظیموں کا اجلاس ملتوی کر دی گئی ہے۔ یہ اطلاع زراعت کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری، پورن چندر کشور کی جانب سے جمعرات کو کسان تنظیموں کو بھیجے گئے ایک خط میں دی گئی۔پورن چندر کشور نے اپنے خط میں سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کو آگاہ کیا کہ گزشتہ اجلاس کے دوران آئندہ اجلاس کی تاریخ 4 مئی طے ہوئی تھی، جس کی تصدیق 25 اپریل کو بھیجے گئے خط سے بھی کی گئی تھی لیکن، کسان تنظیموں نے 27اپریل کے اپنے خط میں مطالبہ کیا کہ اس اجلاس میں حکومت پنجاب کے کسی بھی نمائندے کو شامل نہ کیا جائے۔مرکزی افسر نے اپنے خط میں وضاحت کی کہ وفاقی ڈھانچے میں ریاستی حکومتوں کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔