عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے میں جمعے کے روز پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کرتے ہوئے مقامی باشندوں سے اپیل کی کہ وہ ’’اتحاد المسلمین‘‘اور ’’عوامی ایکشن کمیٹی‘‘ نامی تنظیموں سے فوری طور پر لاتعلقی اختیار کریں۔
پولیس کے مطابق، ان تنظیموں کی سرگرمیوں پر حالیہ دنوں میں سکیورٹی ایجنسیوں نے تشویش ظاہر کی ہے اور انہیں عوام میں اشتعال انگیزی پھیلانے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا جا رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، پولیس کی جانب سے یہ اعلان زینہ پورہ کے مختلف مقامات پر مساجد کے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے کیا گیا تاکہ پیغام ہر شہری تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی فرد یا گروہ ان تنظیموں کے ساتھ وابستہ پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جموں وکشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور شدت پسندی کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
شوپیاں میں پولیس کی لاؤڈ اسپیکر پر اپیل: عوام اتحاد المسلمین اور عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی اختیار کریں
