عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/آدی گرو شنکر آچاریہ جینتی مہوتسو کے موقع پر جمعے کو ممتاز ہندو مذہبی رہنما سوامی وِشوتمانند سرسوتی مہاراج نے سری نگر کے قلب لال چوک کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے تمام طبقوں سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے اور ملی ٹینسی کے خلاف اجتماعی جدوجہد کی اپیل کی۔
سوامی وِشوتمانند سرسوتی مہاراج نے لال چوک میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ “آدی گرو شنکر آچاریہ کی تعلیمات ہمیں روحانی یکجہتی، قومی ہم آہنگی اور امن و بھائی چارے کا پیغام دیتی ہیں۔ آج جب ملک کو ملی ٹینسیجیسے چیلنج کا سامنا ہے، ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ مل کر اس لعنت کے خاتمے کے لیے کام کریں۔”
ان کے ہمراہ مقامی ہندو عقیدت مندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پرامن ماحول میں اس موقع کو منایا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اس دوران لال چوک اور آس پاس کے علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔
سوامی جی کے مطابق، وادی کشمیر میں روحانیت اور ثقافتی رواداری کی گہری جڑیں ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ سب مل کر اس سرزمین کو دوبارہ امن و استحکام کا گہوارہ بنائیں۔