عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جماعت 12ویں کے جعلی رزلٹ گزٹ کی گردش پر سائبر پولیس اسٹیشن سرینگر کو تحقیقات کے لیے خط لکھا ہے۔اس سے قبل کچھ شرپسند عناصر نے ایک جعلی ویب سائٹ تیار کی اور دعویٰ کیا کہ جے کے بی او ایس ای نے جماعت 12ویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ جعلی لنک اور رزلٹ گزٹ نتائج کے اعلان کی مقررہ تاریخ سے ایک دن قبل سوشل میڈیا پر گردش میں لائے گئے۔سرکاری طور پر جماعت 12ویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 30 مئی کو کیا گیا، لیکن شرپسندوں نے ایک جعلی یو آر ایل اور جعلی گزٹ تیار کیا جس سے طلباء میں الجھن پیدا ہوئی۔
طلباء اپنا نام جعلی ویب سائٹ پر تلاش کر سکتے تھے، لیکن جو مارکس وہاں دکھائے گئے وہ سرکاری گزٹ سے مکمل طور پر مختلف تھے۔بورڈ حکام نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ پر دستیاب نتیجہ جعلی ہے اور یہ کچھ ’’ہیکرز‘‘کی کارستانی ہے۔تاہم کچھ طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے جے کے بی او ایس ای کے خلاف ناراضگی ظاہر کی اور سوال اٹھایا کہ ان کی ذاتی معلومات جعلی ویب سائٹ پر کیسے دستیاب ہوئیں۔
بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری سیکریسی ڈیپارٹمنٹ کشمیر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری مراسلےمیں یہ بات کہی گئی ہے کہ مجھے ہدایت دی گئی ہے کہ 12ویں جماعت کے سالانہ باقاعدہ امتحان 2025 کے نتائج کے اعلان کی اصل تاریخ سے ایک دن قبل، 29-04-2024 کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی رزلٹ گزٹ کی ایک کاپی آپ کو ارسال کی جائے، اور آپ سے درخواست کی جائے کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے ، جعلی یو آر ایل کا پتہ لگایا جائے اور اس جرم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جعلی گزٹ کی گردش نے بہت زیادہ الجھن پیدا کی، جس سے طلباء، ان کے والدین اور جے کے بی او ایس ای تنظیم کو خوف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری سیکریسی ڈیپارٹمنٹ شہناز چودھری نے کہا کہ جعلی یو آر ایل کچھ ہیکرز نے تیار کی تھی جس میں طلباء کی ذاتی معلومات بھی اپ لوڈ کی گئی تھیں۔ ہم نے سرکاری طور پر معاملہ سائبر پولیس کے ساتھ اٹھایا ہے۔
جعلی رزلٹ گزٹ: جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی سائبر پولیس سے تحقیقات کی درخواست
