عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے سیلانی پل علاقے میں مسافر شیڈ کی عدم موجودگی کے باعث روزانہ سینکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ علاقہ ضلع کے اہم ٹرانسپورٹ مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے پونچھ، مینڈھر، کوٹرنکہ، نوشہرہ اور جموں سمیت دیگر علاقوں کے لئے گاڑیاں دستیاب ہوتی ہیں۔مقامی مسافروں کے مطابق، کئی برس قبل یہاں ایک مسافر شیڈ تعمیر کیا گیا تھا، جو بعد ازاں سڑک کی کشادگی کے دوران متاثر ہو گیا۔ اس کے بعد ایک اور شیڈ تعمیر کیا گیا، جو اب خستہ حالی کا شکار ہو کر ناقابل استعمال ہو چکا ہے۔ نتیجتاً، مسافروں کو گرمیوں میں تپتی دھوپ اور بارش کے دوران کھلے آسمان تلے گاڑیوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔خواتین، بزرگوں اور بچوں کو اس صورتحال میں سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔ ایک مقامی خاتون نے بتایا، “ہمیں کئی گھنٹے کھلے میں کھڑے رہنا پڑتا ہے، نہ بیٹھنے کی جگہ ہے اور نہ ہی کوئی سایہ۔’اسی طرح، ایک بزرگ شہری نے کہاکہ ’’بارش کے دوران بھیگنے سے بیمار ہو جاتے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں‘‘۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ایک نیا اور مضبوط مسافر شیڈ تعمیر کیا جائے، تاکہ مسافروں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر فوری اقدام نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔سیلانی پل کی یہ صورتحال نہ صرف مسافروں کے لیے تکلیف دہ ہے بلکہ ضلع کی مجموعی ٹرانسپورٹ نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔