دبئی/یو این آئی/لندن کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ آئی سی سی خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی نے جمعرات کو 24 دنوں تک 12 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے 33 میچوں کے اس ٹورنامنٹ کے لیے لارڈز سمیت سات مقامات اولڈ ٹریفورڈ، ہیڈنگلے ، ایجبسٹن، ہیمپشائر باؤل، دی اوول اور برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ کے ناموں کی تصدیق کی ہے ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 5 جولائی 2026 کو کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا، “یونائیٹڈ کنگڈم کے بھرپور تنوع نے ہمیشہ تمام ٹیموں کے لیے پرجوش تعاون کا مظاہرہ کیا ہے ، جسے ہم نے ماضی کے مقابلوں میں یادگار طور پر دیکھا ہے ۔ 2017 میں لارڈز میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ فائنل خواتین کے کھیل کے عروج میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور میں فائنل کے لیے اس سے زیادہ موزوں مرحلے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔”انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا: “یقیناً یہ اعلان کرنا انتہائی خاص ہے کہ فائنل لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ یہ عالمی کرکٹ کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے اور ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ لارڈز میں ورلڈ کپ فائنل جیسے مواقع کا حصہ بنے ۔” آٹھ ٹیمیں – آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز، پاکستان اور سری لنکا – پہلے ہی 2026 کے ایونٹ میں اپنی جگہیں محفوظ کر چکی ہیں۔