یو این آئی
نئی دہلی//ایئر مارشل آشوتوش دکشت نے جمعرات کو ہیڈ کوارٹر انٹی گریٹڈ ڈیفنس اسٹاف میں چیف آف انٹی گریٹڈ ڈیفنس اسٹاف(سی آئی ایس سی)کا عہدہ سنبھال لیا۔انہوں نے بدھ کو ریٹائر ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل جے پی میتھیو کی جگہ لی۔ عہدہ سنبھالنے سے پہلے ایئر مارشل دکشت نے یہاں نیشنل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ساتھ بلاک کے لان میں روایتی گارڈ آف آنر کا بھی معائنہ کیا۔تقریبا چار دہائیوں پر محیط ایک ممتاز کیرئیر میں ایئر مارشل دکشت نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تدریسی تقرریوں میں خدمات انجام دی ہیں اور انہیں ان کی خدمات کے لیے اتی وششٹ سیوا میڈل، وششٹ سیوا میڈل اور وایو سینا میڈل سے نوازا گیا ہے۔سی آئی ایس سی کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ایئر مارشل آشوتوش دکشت ایئر فورس سینٹرل کمانڈ کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے شمالی ہند اور وسطی خطہ میں آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے اور فوج اور بحریہ کے ساتھ تال میل بڑھانے کی سمت میں بھی کام کیا ہے۔ایئر مارشل دکشت کو 06 دسمبر 1986 کو ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا دھارے میں کمیشن دیا گیا تھا۔ وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا کے رکن ہیں۔ وہ ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج (بنگلہ دیش) اور دارالحکومت کے نیشنل ڈیفنس کالج کے سابق طالب علم ہیں۔ وہ ایک قابل فلائٹ انسٹرکٹر اور تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ ہیں اور 20 سے زائد طیاروں پر 3,300 گھنٹے پرواز کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں جن میں میراج 2000، مگ 21 اور جیگوار شامل ہیں۔