یو این آئی
نئی دہلی//لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے جمعرات کو فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف(جی او سی-ان-سی)کا عہدہ سنبھال لیا۔انہیں یہ ذمہ داری بدھ کو ریٹائر ہونے والے لیفیٹننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار کی جگہ دی گئی ہے۔ایک اعلیٰ اعزاز یافتہ افسر، لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا، انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون اور ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج، ویلنگٹن کے سابق طالب علم ہیں۔ انہیں دسمبر 1987میں مدراس رجمنٹ میں کمیشن ملا۔ انہوں نے دارالحکومت کے نیشنل ڈیفنس کالج میں ایک کورس بھی کیا ہے۔جنرل آفیسر کے پاس آپریشنل کا بھرپور تجربہ ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر ایک انفنٹری بٹالین، بریگیڈ اور ڈویژن اور مغربی سیکٹر میں اسٹرائیک کور کی کمانڈ کی ہے۔جنرل آفیسر کے پاس اسٹاف اور تقرریوں کا متنوع تجربہ ہے، بشمول اقوام متحدہ کے مشن میں اسٹاف آفیسر کے طور پر۔ وہ آرمی ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹوریٹ آف ملٹری آپریشنز اور ملٹری سیکرٹری برانچ میں اہم تقرریاں کر چکے ہیں۔جی او سی ان کمانڈ شمالی کمانڈ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے وہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف (سٹریٹیجی) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔کمان سنبھالنے کے بعدجی او سی-ان کمانڈ نے تمام رینک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے پیشرووں اور شمالی کمان کے تمام رینکس کے شاندار کام کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔