عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ایک اہم پیش رفت میں بڈگام پولیس نے ڈاکٹر غلام نبی فائی کو اشتہاری مجرم قرار دلوانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یہ اعلان معزز خصوصی جج، این آئی اے کورٹ بڈگام کی جانب سے کیا گیا۔
ڈاکٹر فائی، جو کہ واڑونبڈگام کے رہائشی ہیں اور اس وقت امریکہ میں روپوش ہیں، پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایف آئی آر نمبر 46/2020 کے تحت یو اے پی اے کی دفعات 10، 13 اور 39 میں مطلوب ہیں۔
وارنٹس جاری ہونے کے باوجود، ڈاکٹر فائی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچاؤ کی کوشش کی اور قانونی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ ان کے عدم تعاون اور گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو چھپانے کی کوششوں کے پیش نظر، بڈگام پولیس نے معزز عدالت میں درخواست پیش کی۔ عدالت نے 30 اپریل 2025 کو انہیں اشتہاری مجرم قرار دے دیا۔
عدالت نے ڈاکٹر فائی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اعلان کے دن سے 30 دن کے اندر جموں و کشمیر پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کریں۔
بڈگام پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک، قانون سے بچنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے گی تاکہ ان کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی کے ذریعے انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی یو اے پی اے کیس میں اشتہاری مجرم قرار
