عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پاکستان کی جانب سے حالیہ فضائی حدود کی پابندیوں پر بڑھتی تشویش کے درمیان، حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سری نگر سے حج پروازیں حسبِ معمول جاری رہیں گی کیونکہ یہ پروازیں پہلے ہی پاکستانی فضائی حدود سے نہیں گزرتیں۔
اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ جموں و کشمیر سے سالانہ حج کا عمل مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری ہے اور تمام تیاریاں مقررہ شیڈول کے مطابق ہو رہی ہیں۔ جموں و کشمیر حج کمیٹی نے پہلے قافلے کے لیے پرواز کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پہلی پرواز (SG-5304) 4 مئی 2025 کو سری نگر سے روانہ ہوگی۔
پہلی پرواز پر روانہ ہونے والے عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روانگی کے دن صبح 5:00 بجے سے 5:30 بجے کے درمیان حج ہاؤس، بمنہ میں رپورٹ کریں۔ کمیٹی نے رپورٹنگ ٹائم اور سامان کے اصولوں کی سختی سے پابندی پر زور دیا ہے۔باقی پروازوں کا شیڈول آئندہ دنوں میں علیحدہ سے جاری کیا جائے گا۔
اس سال، حکومت کے کوٹے کے تحت جموں و کشمیر سے 3,600 سے زائد عازمینِ حج کی ادائیگی متوقع ہے۔ادھر، سعودی عرب کی جانب سے عارضی طور پر عمرہ، سیاحتی اور وزٹ ویزوں کی معطلی پر کچھ خدشات سامنے آئے تھے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام ہر سال حج سے قبل معمول کے تحت لیا جاتا ہے تاکہ حج کے انتظامات کو بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکے، اور اس کا بھارت سے جانے والے حجاج کرام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔حکام نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں۔
سری نگر سے حج پروازیں پاکستان فضائی حدود کی پابندیوں سے غیر متاثر
