عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//نائب وزیر اعلیٰ جموں و کشمیرسریندرچوہدری نے پنچایت بھوانی-اے، نوشہرہ میں ایک عوامی رسائی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں مقامی لوگوں نے اپنی شکایات اور مسائل پیش کئے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے تمام مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔عوام نے اس موقع پر کئی مطالبات رکھے جن میں سرحدی بنکروں کی تعمیر، ہینڈ پمپوں کی تنصیب، ایکو پارک کا قیام، اور جے کے بینک برانچ کے ساتھ اے ٹی ایم کی سہولت شامل تھیں۔بھوانی کے نائب تحصیل دفتر میں عملے کی کمی، بھوانی تا قلعہ درہال روڈ پر زمین کے معاوضے اور بھوانی تا شالاخ سڑک کی تکمیل جیسے اہم مسائل بھی زیرِ بحث آئے۔اس کے علاوہ، پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت تمام مستحقین کو شامل کرنے، پانی کی قلت، بجلی کے زائد بلوں اور ایک وصولی اسٹیشن کے قیام کی بھی مانگ کی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے موقع پر ہی مختلف محکموں کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر کو بھوانی تا شالاخ سڑک کے کام میں تیزی لانے، اور بی ڈی او کو پی ایم اے وائی-جی اسکیم کے تحت تمام مستحق خاندانوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے محکمہ محنت کو بھوانی میں خصوصی کیمپ لگا کر لیبر کارڈز جاری کرنے اور فلاحی اسکیموں کی آگاہی دینے کی ہدایت دی۔بجلی کے زائد بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈی ڈی کو فوری اقدامات کی ہدایت دی، جبکہ سی ای او ایجوکیشن کو ہائیر سیکنڈری اسکول بھوانی میں عملے کی قلت کو دور کرنے کے لئے تبادلوں میں توازن لانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے 30 لاکھ روپے کی لاگت سے راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کے تحت پنچایت گھر بھوانی-اے کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ نے پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔