عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// بھارت نے ڈی جی ایم او ہاٹ لائن ایکسچینج کے دوران ایل او سی کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کو خبردار کیا۔پاکستانی فورسز نے چار سے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور حالیہ بلااشتعال فائرنگ جموں کے اکھنور میں دریائے چناب کے علاقے کے ساتھ کی گئی ۔وزارت دفاع ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر پاکستان کی بلا اشتعال فائرنگ کے درمیان ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہاٹ لائن پر بات کی، تاکہ پاکستان کی طرف سے بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔بھارت نے ایل او سی پر بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی کا معاملہ پاکستان کے سامنے اٹھایا۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ تبادلے کے دوران ہندوستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستانی فریق کو خبردار کیا گیا ۔مذکورہ بالا لوگوں نے مزید کہا کہ دونوں ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان بات چیت منگل کی شب ہوئی۔ یہ تبادلہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پہلگام دہشت گردانہ حملے پر بڑھتے ہوئے تنا ئوکے درمیان ہوا ہے۔پاکستانی فوجیوں نے پیر کو جموں و کشمیر کے پونچھ اور کپواڑہ اضلاع میں ایل او سی کے ساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو جاری رکھتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کا سہارا لیا۔پیر کا واقعہ لگاتار چوتھی رات کا تھا جب پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ایک دفاعی ترجمان نے کہا، “27-28 اپریل کی درمیانی رات، پاکستانی فوج کی چوکیوں نے ایل او سی کے پار کپواڑہ اور پونچھ اضلاع کے بالمقابل علاقوں میں چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے فوری اور مثبت طریقے سے جواب دیا۔حکام کے مطابق، ہندوستانی فوج نے 26-27 اپریل کی درمیانی شب ایل او سی پر توتماری گلی اور رام پور سیکٹرز کے مقابل علاقوں میں پاکستانی فوج کی فائرنگ کا موثر جواب دیا تھا۔حکام نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعدایل او سی پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ایل او سی اور آئی بی اور پر چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی)اور بین الاقوامی سرحد(آئی بی)کے ساتھ جموں اور کشمیر کے چار سرحدی اضلاع کے متعدد سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ حکام نے بدھ کو کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں سے شروع ہونے والی فائرنگ جموں ضلع کے آئی بی کے ساتھ پرگوال سیکٹر اور راجوری ضلع کے سندر بنی اور نوشہرہ سیکٹر میں ہوئی۔ نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان، ایل او سی کے ساتھ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی یہ مسلسل چھٹی رات ہے۔جموں میں ایک دفاعی ترجمان نے کہا، “29-30 اپریل کی درمیانی شب، پاکستانی فوج کی چوکیوں نے نوشہرہ، سندربنی اور اکھنور سیکٹرز میں لائن آف کنٹرول کے پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری شروع کی۔”ترجمان نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج کے دستوں نے فوری اور متناسب جواب دیا۔وادی کشمیر کے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں ایل او سی کے پار پاکستانی پوسٹوں اور پرگوال سیکٹر میں آئی بی کے پار سے بھی چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کے اسی طرح کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ابتدائی طور پر کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں فائرنگ شروع ہوئی اور پھر پونچھ اور اکھنور سیکٹرز تک پھیل گئی۔ یہ مزید بڑھ کر راجوری ضلع کے سندر بنی اور نوشہرہ سیکٹروں تک پہنچ گیا، جس کے بعد جموں کے پرگوال سیکٹر میں آئی بی کے ساتھ گولہ باری ہوئی۔