عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی نے جواہر نوودیہ ودیالیہ (JNV) ریاسی میں ودیالیہ مینجمنٹ کمیٹی (VMC) کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی، جس کا مقصد ادارے کے تعلیمی اور انفراسٹرکچر سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینا اور مستقبل کے لئے مؤثر عملی منصوبہ بندی تیار کرنا تھا۔میٹنگ کے آغاز میں ودیالیہ کے پرنسپل نے چیئرپرسن اور کمیٹی اراکین کا استقبال کیا اور اسکول کی تعلیمی کامیابیوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور موجودہ مسائل پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔میٹنگ میں کئی اہم نکات زیر غور آئے، جن میں متبادل واٹر کنکشن کی ضرورت، 24×7 بلا تعطل بجلی کی فراہمی، سیکورٹی انتظامات کی بہتری، اور سولر لائٹس کی خریداری شامل تھیں۔ڈی سی نے جے این وی کی تمام عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت دی اور جل شکتی محکمہ کو پانی کے معیار کی جانچ اور متبادل ذرائع تلاش کرنے کا حکم دیا۔ڈی سی نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (PWD) کو اسکول کے اردگرد حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لئے سائٹ کا معائنہ کرکے تخمینہ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ تحصیلدار کو بھی ودیالیہ کی زمین کی حد بندی کرکے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ہمہ جہت ترقی کے لئے ڈی سی نے کیمپس میں ملٹی پرپز ہال کے لئے موزوں مقام کی نشاندہی کرنے اور تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) ایک ہفتے میں تیار کر کے جمع کرانے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے سائنس کے شعبے میں طالبات کی حوصلہ افزائی پر زور دیتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر ریاسی کو ہدایت دی کہ وہ قریبی علاقوں کی طالبات کو “وگیان جیوَتی” اسکیم کے تحت داخلہ لینے کے لئے ترغیب دیں، تاکہ انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔ماحولیاتی تحفظ کے تحت، ڈی سی نے پرنسپل کو ہدایت دی کہ طلباء کو کچرے کی علیحدگی (ویسٹ سیگریگیشن) کے بارے میں آگاہی دی جائے۔ نامیاتی کچرے کو کمپوسٹ گڑھوں میں جبکہ غیر نامیاتی کچرے کو ری سائیکلنگ کے لیے کباڑیوں کے حوالے کیا جائے۔ڈی سی نے موقع پر کلاس رومز، ہاسٹل، میس، کھیل کے میدان اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور صفائی و ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راکیش کمار، سی پی او نریندر کمار، سی ای او، سی ایم او اور مختلف محکموں کے ایکس ای اینز بھی موجود تھے۔