عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/حکام نے منگل کو تصدیق کی کہ کشمیر کے تمام اہم سیاحتی مقامات جن میں پہلگام، گلمرگ، سونمرگ، ڈل جھیل اور مغل گارڈنز شامل ہیں مکمل طور پر فعال ہیں اور سیاحوں کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
سیاحت محکمے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اہم مقامات پر سیاحتی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں اور وہاں مسلسل سیاحوں کی آمد دیکھی جا رہی ہے۔ افسر موصوف نے کہاپہلگام، گلمرگ، سونمرگ اور دیگر نمایاں مقامات کھلے اور محفوظ ہیں۔ سیاح آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں، اور ان کی سلامتی اور سہولت کے لیے تمام ضروری سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔
انہوں نے واضح کیا کہ صرف چند کم معروف سیاحتی مقامات، جو مجموعی سیاحتی آمد کا صرف 4 سے 5 فیصد حصہ ہیں، احتیاطی طور پر عارضی طور پر بند کیے گئے ہیں۔افسر موصوف نے مزید کہا کسی بھی اہم سیاحتی علاقے میں جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ سیاحوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا جا رہا ہے، اور مقامی برادریاں، انتظامیہ اور سیاحت سے وابستہ فریقین ان کے قیام کو مکمل طور پر آسان بنا رہے ہیں۔
یہ بیان حال ہی میں پہلگام واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔حکام نے زور دے کر کہا کہ صورت حال مکمل طور پر قابو میں ہے اور کسی بھی قسم کی پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں۔
کشمیر کے تمام بڑے سیاحتی مقامات کھلے ہیں:حکام
