عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کی نئی اپ گریڈ شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا، جو ضلع میں تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پر، ڈپٹی کمشنر نے اسکول کی مختلف سہولیات جیسے لیبارٹریز، انتظامی دفاتر، روایتی کلاس رومز اور جدید تدریسی آلات سے لیس اسمارٹ کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے اور طلباء سے تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں تعلیمی میدان میں مزید محنت کرنے کی ترغیب دی۔اسکول کے پرنسپل مسلم وانی نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح اسمارٹ ٹیکنالوجی کو کلاس رومز میں شامل کر کے تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے اپنے خطاب میں معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ضلع انتظامیہ تعلیمی اداروں کی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے محنت کریں۔افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر ڈاکٹر راج کمار تھاپا، چیف ایجوکیشن آفیسر اقبال حسین، ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر عبدالرہیم اور سول سوسائٹی کے ممتاز اراکین بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ ترقی طلباء کی تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گی۔