جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریاستی حکومت اور گورنر انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ پنچایتی انتخابات سے قبل مینڈھر قصبہ کو مونسپلٹی کا درجہ دیا جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم کافی عرصے سے اس مطالبے کو دہرا رہے ہیں، مگر تاحال اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔مقامی باشندوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مونسپلٹی کا درجہ نہ ملنے کی وجہ سے قصبہ میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ قصبے میں نہ تو مناسب ڈرینج سسٹم ہے، نہ ہی عوامی بیت الخلا کمپلیکس موجود ہیں، اور نہ ہی عام لوگوں کے بیٹھنے کے لئے کوئی سہولت دستیاب ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مونسپلٹی کا قیام اب ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ قصبہ کی حالت بہتر ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر چھوٹے قصبوں کو بھی حکومت نے مونسپلٹی کا درجہ دے رکھا ہے،جبکہ مینڈھر قصبہ، جس کی آبادی ہزاروں میں ہے، اب تک اس حق سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے اس صورتحال کو سراسر ناانصافی قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔