عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں پولیس نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او جے کے) میں مقیم دہشت گردوں اور ان کے مقامی ساتھیوں کے ٹھکانوں پر تلاشی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون (یو اے پی اے) کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے گھروں پر وسیع پیمانے پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پیر کے روز پولیس ٹیموں نے ان افراد کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا تعلق دہشت گرد تنظیموں سے ہے یا وہ ’پی او جے کے‘ میں سرگرم عناصر کے ساتھ روابط رکھتے ہیں۔
یہ کارروائیاں اس پس منظر میں انجام دی جا رہی ہیں جب جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد، جن میں ایک نیپالی شہری بھی شامل تھا، جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے وادی میں دہشت گردوں اور ان کے سہولیت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس یہ کارروائیاں مکمل قانونی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے انجام دے رہی ہے، اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
ڈوڈہ-کشتواڑ میں دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر پولیس کی چھاپہ ماری
