جموں// — مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں ایک درخواست پر کارروائی کے لیے ایک شخص سے 40,000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے ایک ریونیو اہلکار کو گرفتار کیا ہے۔حکام نے اتوار کو بتایاکہ تحصیل چنانی کے علاقے سدھ مہادیو کے ‘پٹواری کو ہفتے کے روز رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔سی بی آئی کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ شکایت کنندہ نے اپنی زمین کے لیے ‘فرد(ریونیو اقتباس – زمین کی ملکیت اور دیگر تفصیلات پر مشتمل ایک دستاویز) جاری کرنے کے لیے درخواست دی تھی، لیکن اس کی آن لائن درخواست بغیر کسی معقول وجہ کے مسترد کر دی گئی۔اس کے بعد اس شخص کی ملاقات ملزم ’پٹواری‘ سے ہوئی، جس نے اس کی درخواست پر کارروائی کے لیے اس سے 50,000روپے رشوت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے بعد ملزمان رقم کم کر کے 40,000روپے کرنے پر راضی ہو گئے۔اس شخص کی شکایت کی بنیاد پر، اہلکار نے کہا، سی بی آئی نے ایک جال بچھا کر ملزم کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جب وہ ہفتہ کو شکایت کنندہ سے رشوت لے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسے گرفتار کر لیا گیا اور ان کی رہائش گاہ پر تلاشی لی گئی۔عہدیدارکے مطابق ملزم کو اتوار کی صبح خصوصی جج، انسداد بدعنوانی (سی بی آئی کیسز) جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔