عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے سابق ارکان نے اتوار کو جموں و کشمیر جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت کا باقاعدہ آغاز کیا۔سابق ارکان نے یہ اعلان اتوار کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر ایک رکن نے بتایا’’در اصل یہ اجلاس 29 اپریل کو شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہونے والا تھا لیکن پہلگام میں ہونے والے افسوس ناک واقع اور اس کے بعد قومی سوگ کے باعث اس تقریب کو معطل کر دیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا ’’اس المناک واقع پر ہم پوری قوم کے ساتھ غم میں شریک ہیں اور متاثرہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور تمام سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر انسانیت کی بنیادوں پر متحد ہو رہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ پہلگام میں ہوئے بہیمانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہے اور بے گناہوں پر ظلم انسانیت کے خلاف جرم ہے جس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا’’اس کے ساتھ ساتھ ہم جموں وکشمیر سے باہر کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں‘‘۔موصوف نے کہا ’’آج پوری قوم ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے، اپنے ملک کے ساتھ کھڑی ہے لیکن جو مکانات منہدم کئے جا رہے ہیں جو اگر ناگزیر ہے تو دوسرا طریقہ استعمال کیا جانا چاہئے جس سے دوسرے مکانوں کو نقصان نہ پہنچے‘‘۔انہوں نے کہا’ ’ہم آج یہاں جموں و کشمیر جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ نامی سیاسی جماعت کا باقاعدہ قیام عمل میں لاتے ہیں، آج کے بعد ہماری سیاسی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور ہم اپنے کارکنوں سے رابطہ کرکے عوامی جلسے کریں گے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہماری پارٹی کا بنیادی مقصد خطے میں امن و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے اور عوام کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کے لئے ہماری جد وجہد جاری رہے گی‘‘۔انہوں نے کہا ’’جو بھی اس وقت ملک کی کارروائی ہوگی ہم اس کیلئے ملک کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔