اظہرحسین
کولگام//پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے نے نہ صرف پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بلکہ جموں و کشمیر کے مقامی لوگوں کو بھی گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ سیاحت سے وابستہ نوجوان، جو اپنی روزی روٹی کیلئے سیاحوں پر انحصار کرتے ہیں، اس واقعے کے بعد شدید مایوسی اور بے چینی کا شکار ہو گئے ہیں۔مقبول سیاحتی مقام اہربل، جو عموماً مقامی اور غیر ملکی سیاحوں سے بھرا رہتا تھا، واقعے کے بعد تقریباً ویران ہو گیا ہے۔ مقامی تاجروں، ہوٹل مالکان اور گائیڈز کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد سے سیاحوں کی آمد میں شدید کمی آئی ہے، جس کا براہِ راست اثر ان کے روزگار پر پڑا ہے۔مقامی باشندوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر مؤثر حفاظتی اقدامات کرے تاکہ وادی میں سیاحوں کا اعتماد بحال ہو سکے اور یہاں کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے سیاحت کے شعبے میں دوبارہ جان ڈالی جا سکے۔