ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی کے سب ضلع ہسپتال میں بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے صرف ایک ڈاکٹر تعینات ہے جو علاقے کی کثیر آبادی کو سنبھالنے کے لئے ناکافی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر ہفتے میں صرف چار دن ہی دستیاب رہتا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی باشندوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہسپتال میں دوماہر امراض اطفال موجود تھے جو پورا ہفتہ ہسپتال میں دستیاب رہتے تھے لیکن پچھلے سال اُن میں سے ایک کی تبدیلی عمل میں لائی گئی ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ڈاکٹر کی منتقلی کے بعد کوئی دوسرا ڈاکٹر یہاں تعینات نہیں کیا گیا بلکہ اس پر طرہ یہ کہ جو ایک ڈاکٹر اب دستیاب ہے وہ بھی ہفتے میں صرف چار دن ہی دستیاب رہتا ہے۔ لوگوںنے ہسپتال میں ایک اور ڈاکٹر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔