یو این آئی
اقوام متحدہ//اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل(یو این ایس سی)کے ارکان نے جموں و کشمیر میں 22اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ جس میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔اقوام متحدہ کے اطلاعاتی مرکز کے پریس بیان کے مطابق، سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرین کے خاندانوں اور حکومت ہند اور نیپال کی حکومت کے تئیں اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش کی۔سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔جمعرات کو جاری کئے گئیے ایک بیان میں سلامتی کونسل کے صدر جیروم بونافونٹ (فرانس)نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کے اس قابل مذمت فعل کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کا احتساب کرنے اور انہیں انصاف کے دائرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا جوابدہ ہونا ضروری ہے اور تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران کے ساتھ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق فعال تعاون کریں۔سلامتی کونسل کے ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی عمل مجرمانہ اور بلاجواز ہے، چاہے اس کا مقصد کچھ بھی ہو ، چاہے وہ کہیں بھی، کبھی بھی اور ک کسی کی طرف سے کیا گیا ہو۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون، بین الاقوامی پناہ گزینوں کے قانون اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے تحت دیگر ذمہ داریوں کے مطابق سبھی ریاستوں کی جانب سے دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
کشمیر میں خوف نہیں، انسانیت کا بول بالا
ہمیں کسی قسم کی پریشانی یا خوف کا سامنا نہیں،سیاحوں کے تاثرات
یو این آئی
سرینگر//پہلگام حملے کے بعد جب پورے کشمیر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، وہیں سرینگر کے تاریخی لالچوک میں کشمیری عوام نے اپنی بے مثال انسان دوستی اور مہمان نوازی کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے سیاحوں کے دل جیت لیے ۔سیاحوں نے مقامی لوگوں کی طرف سے فراہم کی گئی محبت اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں خوف کا نہیں بلکہ انسانیت کا بول بالا ہے ۔ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ‘ہم یہاں پہلگام واقعے کے باوجود محفوظ ہیں۔ ہمیں یہاں کسی قسم کی پریشانی یا خوف کا سامنا نہیں۔ بلکہ کشمیری لوگ نہایت محبت اور خلوص سے پیش آ رہے ہیں۔ ہمیں مفت میں کھانے پینے کی اشیاء دی جا رہی ہیں، تسلی دی جا رہی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا،‘کشمیر کے لوگ بے حد انسان دوست اور مہمان نواز ہیں۔ جو خبریں کچھ نیوز پورٹلز یا سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ان پر دھیان دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم کشمیر میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور مقامی لوگوں نے ہمیں یہاں اجنبیت کا احساس بالکل نہیں ہونے دیا۔سیاح خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تقریباً اسی فیصد افراد سیاحت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اگر غیر ضروری منفی پروپیگنڈہ کیا جائے گا اور خوف کا ماحول پیدا ہوگا تو سب سے زیادہ نقصان انہی محنتی اور مہمان نواز کشمیریوں کو ہوگا۔انہوں نے کہا، ‘یہاں کے لوگ اپنی روزی روٹی کا انحصار سیاحت پر کرتے ہیں۔ ہمیں یہاں کے خوبصورت ماحول اور لوگوں کے خلوص نے بہت متاثر کیا ہے ۔’لالچوک میں موجود دیگر سیاحوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ مقامی افراد ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ کئی دکان دار اور ہوٹل مالکان نے سیاحوں کو یقین دلایا کہ کشمیر ان کے لیے ہمیشہ خوش آمدیدی کی جگہ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایک اور سیاح ونود کمار نے کہا، ‘ہم نے پہلگام واقعہ کے بعد بھی محسوس کیا کہ یہاں کے لوگ ہمارے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، ہمیں تحفظ کا احساس دلا رہے ہیں۔ یہ وہ کشمیر ہے جس کی مہمان نوازی کی مثالیں دنیا میں دی جاتی ہیں۔’اس دوران مقامی حکام نے بھی سیاحوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وادی کشمیر میں سیاحوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے ۔ سیکورٹی فورسز نے تمام اہم سیاحتی مقامات پر سیکورٹی سخت کر دی ہے جبکہ اضافی چیک پوسٹس اور گشت بڑھایا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔پہلگام حملے کے باوجود، کشمیر کی اصل تصویر ایک بار پھر محبت، خلوص اور انسان دوستی کی شکل میں دنیا کے سامنے آئی ہے ۔ سیاحوں کے تاثرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیر آج بھی مہمانوں کے لیے کھلے دل کے ساتھ اپنی بانہیں پھیلائے ہوئے ہے ۔
ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے
چلینج کرنے والے کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا:رویندر رینہ
سرینگر/یو این آئی/ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے سابق صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے لیکن اگر کوئی اس کی سالمیت کو چلینج کرے گا تو اس کو بھر پور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے لوگ بھی سمجھ رہے ہیں کہ پاکستان کی بندوق سب کی دشمن ہے ۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘آج کشمیر کے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ پاکستان سے آئی ہوئی بندوق ہم سب کی دشمن ہے ، ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جو دنیا کے ساتھ پیار محبت سے رہتا ہے ، ساری دنیا کے لوگ خوش و خوشحال رہیں اسی سوچ پر بھارت کی تہذیب استوار ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہمارا پڑوسی ملک قتل عام کرا رہا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘ہندوستان امن میں یقین رکھتا ہے لیکن اگر کوئی اس کی سالمیت کو چلینج کرے گا تو اس کو بھر پور جواب دیا جائے گا’۔ رینہ نے کہا کہ دنیا ہندوستان کی طاقت سے واقف ہے جو ہمیں للکارے گا اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔