جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر میں بھارتی فوج اور مقامی عوام نے شہیدی دیوس کو بھرپور عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر 1965 کی ہند-پاک جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے چھ مقامی سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کا آغاز شہید اسمارک اور شہید عبدالغنی چوک پر پھولوں کی چادریں چڑھانے سے ہوا، جس کی قیادت مقامی راشٹریہ رائفلز بٹالین کے کمانڈنگ آفیسر نے کی۔شہداء کے اہلِ خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور انہیں تحائف و اعزازات سے نوازا گیا۔ ضلع اور تحصیل کے اعلیٰ افسران، معزز شہریوں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کر کے اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ شہیدی دیوس جیسے مواقع قوم میں حب الوطنی، قربانی اور اتحاد کے جذبے کو تازہ کرتے ہیں اور فوج و عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی علامت ہیں۔