عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//شمالی ہند کے کئی علاقوں میں آئندہ دو سے تین دنوں تک درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ کا امکان ہے۔ دہلی، راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش سمیت 12 ریاستوں میں گرم لہر کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔ شدید گرمی کے سبب وارانسی، لکھنو اور جھارکھنڈ کے کئی اضلاع میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، جبکہ دہلی میں محکمہ تعلیم نے گرمی سے بچا کے لیے رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔دہلی محکمہ تعلیم نے مارننگ اسمبلی منسوخ کرنے، آوٹ ڈور سرگرمی سے بچنے اور بچوں کو گرمی سے جڑی بیماریوں کے جوکھم کے بارے میں بتانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سبھی اسکولوں میں پینے کا پانی، فائر آلات رکھے جائیں۔ ساتھ ہی طلبا کو باہر نکلتے وقت سر کو ڈھکنے کی صلاح دی جائے۔سکولوں کو پورے دن ہائی ڈریٹڈ رکھنے کے لیے ڈیلی شیڈول میں پانی کا بریک بھی شامل کیا جائے۔ فرسٹ ایڈ کٹ میں او آر ایس رکھنے کو کہا گیا ہے۔دوسری طرف شمال مشرقی ریاستوں میں بھاری بارش کا الرٹ ہے۔ مغربی بنگال کے کئی حصوں میں چل رہی لو ہفتہ سے کم ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران تیز آندھی-طوفان آنے کا خدشہ ہے جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہو سکتی ہے۔ 30 اپریل کو پنجاب اور ہریانہ میں بھی کئی مقامات پر آندھی-بارش کے آثار ہیں۔ وہیں گزشتہ دنوں سکم میں مسلسل بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈ میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ نکال لیا گیا ہے۔ حالانکہ 1800 دیگر لوگ منگن ضلع میں ابھی بھی پھنسے ہیں۔جموں و کشمیر میں پہاڑوں پر آئے ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر زیادہ نہیں ہے۔ وہ آگے کی طرف کھسک رہا ہے اور اسی دوران پاکستان کے بلوچستان سے گرم ہواوں کی ترسیل مغربی ہند کی طرف ہو رہی ہے، جس سے این سی آر سمیت شمالی ہند کے کئی مقامات کے درجہ حرارت میں دو دنوں سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق میدانی علاقوں میں 29 اپریل تک اور مشرقی اور وسطی ہند میں 26 اپریل تک گرم لہر (لو) کی حالت بنی رہ سکتی ہے۔ حالانکہ دہلی کے درجہ حرارت میں 27 اپریل کے بعد زیادہ اضافہ ہونے کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اپریل کو چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، بنگال بہار اور ودربھ میں اولے گرنے کا الرٹ ہے۔ جبکہ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ، کرناٹک، مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ، کیرالہ میں تیز بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بنگال میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، مدھیہ پردیش میں شدید گرمی رہے گی۔ جبکہ راجستھان کے دن کے ساتھ ساتھ رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔