عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/حال ہی میں پیش آنے والے پہلگام واقعے کے بعد اور ملی ٹینسی و اس سے وابستہ نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے اننت ناگ پولیس نے فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت ضلع بھر میں وسیع پیمانے پر سرچ اور کارڈن آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
ان کارروائیوں کے تحت ضلع کے مختلف علاقوں میں متعدد چھاپے مارے گئے ہیں۔ دن رات سرچ آپریشنز جاری ہیں اور نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ اب تک تقریباً 175 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینسی کو سہارا دینے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
سیکورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع بھر میں اضافی موبائل وہیکل چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید یہ کہ کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز ،گھات لگانے کی کارروائیاں اور گشت میں اضافہ کیا گیا ہے، خصوصاً گھنے جنگلاتی علاقوں میں، تاکہ ممکنہ ملی ٹینٹوںکو بے نقاب کیا جا سکے اور ضلع کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اننت ناگ پولیس اور اس کے سیکیورٹی پارٹنرز امن و امان قائم رکھنے اور معمولات زندگی کو متاثر کرنے والی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔عوام سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے اور شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔
ضلع اننت ناگ پولیس نے پہلگام واقعے کے بعد انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں تیز کر دیں
