عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ضلع سطحی سنگل ونڈو کمیٹی (DLSWC) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع میں معدنیات سے متعلق اہم مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ڈی سی نے بطور چیئرمین ڈی ایل ایس ڈبلیو سی ،معدنی لیزوں کی منظوری، سائٹ پلانز، اور نئے شناخت شدہ معدنی بلاکس کے لئے این او سی کے اجرا و کلیئرنس جیسے اہم پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ اجلاس کے دوران این او سی کے اجراء کے تحت مختلف محکموں کے کلیئرنس پراسیس اور مشترکہ معائنے کی صورتحال کا بھی کیس وائز جائزہ لیا گیا۔ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان سائٹس کا دورہ کریں تاکہ معدنی لیز کے عمل سے ماحول کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے محکمہ جیالوجی اینڈ مائننگ کے اصولوں کی سختی سے پاسداری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو غیر قانونی کان کنی کی نشاندہی کے لئے چوکنا اور فعال رہنے کی ہدایت دی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی و تعزیری کارروائی کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں اے ڈی سی طاہر مصطفیٰ ملک، اے سی آر محمد سعید، ڈی ایف او، چیف ایگریکلچر آفیسر، چیف ہارٹیکلچر آفیسر، ضلع سائل کنزرویشن آفیسر، تحصیلدار، ڈی ایم او، ایگزیکٹیو انجینئرز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔