حسین محتشم
پونچھ//گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی پونچھ بس اسٹینڈ پر پینے کے پانی کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔بس اڈہ جہاں پر ہر روز مسافروں کی آمد و رفت رہتی ہے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس سے مسافر اور دکاندار سخت پریشان ہیں۔مسافروں کے لئے بس اڈا پر لگایا گیا ہینڈ پمپ کافی عرصہ سے خراب پڑا ہے بار بار متوجہ کرنے کے باوجود متعلقہ محکمہ نے اس کی مرمت دی نہیں کی ہے جبکہ بس اڈہ کے صدر دروازے کے قریب لگایا گیا نلکا بھی خشک رہتاہے۔ سابقہ عوامی نمائندوں کی جانب سے نصب کئے گئے واٹر کولر بھی خراب حالت میں ہیں۔ ان میں زیادہ تر کولر یا تو ٹوٹ چکے ہیں یا مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے ہیں۔شہریوں کے مطابق دھوپ میں بسوں کا انتظار کرنے والے مسافروں کو اگر پیاس لگ جائے تو وہ پانی کی ایک بوند کو ترس جاتے ہیں، خاص طور پر بچے خواتین اور بزرگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مسئلہ صرف مسافروں تک محدود نہیں بلکہ آس پاس کے دکاندار اور ریہائشی بھی پانی کی عدم دستیابی سے سخت متاثر ہیں۔مقامی لوگوں نے پونچھ کے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے پر فوری کارروائی کریں اور بس اڈہ کے اردگرد تمام خراب پانی کے ذرائع کو بحال کریں تاکہ گرمی کی شدت میں اضافے سے پہلے عوام کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا انتظامیہ کی توجہ اس بنیادی سہولت کی فراہمی میں عوام کو بڑی راحت دے سکتی ہے۔