عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جامع مسجد جامعہ ضیاء الاسلام منجاکوٹ میں نماز جمعہ کے بعد پہلگام حملے کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج کی قیادت معروف دینی اسکالر مولانا محمد الیاس سلطانی نے کی۔مولانا سلطانی نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی باشعور انسان ایسے گھناونے واقعات کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو عبرتناک سزا دی جانی چاہیے کیونکہ ایسے پرتشدد اقدامات معاشرے میں انتشار پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ ضیاء الاسلام نے گزشتہ تین دنوں سے درجنوں پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ رہائش اور سہولیات فراہم کیں، جس سے انسانیت نوازی اور ہم آہنگی کا پیغام عام ہوا ہے۔مولانا سلطانی نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں بلکہ امن، بھائی چارے اور محبت کے پیغام کو عام کریں۔یہ احتجاج پہلگام حملے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور دہشت گردی کے خلاف عملی اقدام کی پکار تھا۔