عازم جان
بانڈی پورہ // پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بانڈی پورہ ضلع میں جمعہ کو ایک تصادم میں ملی ٹینٹوں کا ایک اوور گرانڈ ورکر مارا گیا جبکہ سیکورٹی فورس کے دو اہلکار زخمی ہوئے۔حکام نے بتایاکہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد 13 آر آر، سی آر پی ایف 3 بٹالین اور پولیس نے کلنار بازی پورہ اجس میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ان کا کہنا تھا کہ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے بعد تلاشی آپریشن انکائونٹر میں تبدیل ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے ایک ملی ٹینٹوں کا ساتھی اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمی ساتھی بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مارے گئے ملی ٹینٹ معاون کی شناخت الطاف حسین کے بطور کی گئی ہے۔ بعد دوپہر آپریشن کو ختم کردیا گیا ۔
چناب/پیر پنچال
ادھم پور جنگل، راجوری اورپونچھ میں فرار ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے۔ فرار ہونے والے تین ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن جمعہ کو دوسرے دن میں داخل ہو گیا، سیکورٹی ایجنسیوں نے کثیرالجہتی محاصرے کو مضبوط کیا۔فورسز ضلع اودھم پور کے جنگلاتی علاقے ،ساتھ ہی کشتواڑ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ کے علاقوں میں تلاشیاںلے رہی ہے، جہاں ملی ٹینٹ چھپے ہوئے سمجھے جاتے ہیں۔ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا، “ڈوڈہ-بسنت گڑھ میں فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کے خصوصی دستوں کی طرف سے تلاشی مہم جاری ہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لیے یہ کارروائی جاری ہے۔”آپریشن کی ہیلی کاپٹر اور ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔جمعرات کوڈوڈہ-بسنت گڑھ بیلٹ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ مقابلے میں فوج کے خصوصی دستوں کا ایک سپاہی مارا گیا۔سپاہی سپیشل فورسز کے 6 پیراکے حوالدار جھنتو علی شیخ تھے۔کشتواڑ کے چھاترو علاقہ، راجوری ضلع کے تریاتھ علاقہ، کٹھوعہ ضلع کے لکھن پور کے ملحقہ علاقوں اور پونچھ ضلع کے لسانہ میں تلاشی جاری ہے۔ڈوڈہ میں جمعہ کو ڈوڈہ میں ڈویژنل کمشنر رمیش کمار اور آئی جی پی بھیم سین ٹوٹی کی صدارت میں سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔جموں صوبے کے کٹھوعہ- ادھم پور- کشتواڑ علاقے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران سات انکانٹر ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد اور پانچ سیکورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔