عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سیدالطاف بخاری نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فرقہ پرست عناصر کے اْکسانے کے باوجود ہمدردی اور مہمان نوازی کے اپنے دائمی جذبات اور اعلیٰ اقدار کو قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا ’’سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے پہلگام میں رونما ہوئے بہیمانہ واقعہ کے باوجود وادی میں قیام کرکے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے‘‘۔ بخاری نے ایک بیان میں کہا ’’مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہمدردی اور مہمان نوازی کا جذبہ کشمیریوں کی رگ رگ میں موجود ہے۔ گزشتہ سرما میں جب بھاری برف باری کی وجہ سے سینکڑوں ملکی اور غیر ملکی سیاح گاندربل کے گنڈ علاقے میں سرراہ پھنس گئے تو مقامی لوگوں نے اْن کیلئے اپنے گھروں اور مساجد کے دروزے کھول دیئے اور مہمانوں کو مفت چائے اور کھانا پیش کیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’پہلگام میں ہوئے بہیمانہ حملے کے دوران اور اس کے بعد مقامی لوگوں نے خود خوف زدہ ہونے کے باوجود جس طرح سے سیاحوں کی مدد کی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ہمارے ہیرو سید عادل حسین نے ایک دہشت گرد کو غیر مسلح کرنے کی کوشش میں اپنی جان تک گنوا دی‘‘۔اپنی پارٹی کے سربراہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بعض فرقہ پرست عناصر کے اْکسانے کے باوجود اپنی مہمان نوازی اور ہمدردی کے جذبے کو زندہ اور محفوظ رکھیں کیونکہ یہ کشمیریوں کی شناخت کا حصہ ہے‘‘۔انہوں نے کشمیریوں پر سیاحوں کے بھروسے کو سراہتے ہوئے کہا ’’مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پہلگام میں خوفناک حملے اور متعدد انسانی زندگیوں کے اتلاف کے باجود بہت سے سیاحوں نے وادی میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں ہزاروں سیاح سونہ مرگ، دودھ پتھری اور گلمرگ گئے۔ صرف دو دنوں میں 9,600 سے زیادہ سیاحوں نے گلمرگ گنڈولا کی سواری کی ہے۔ یہ ایک اْمید افزا بات ہے‘‘۔الطاف بخاری نے کہا کہ اتحاد اور باہمی اعتماد سے ہی امن کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔