عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال نہایت کشیدہ ہو چکی ہے، اور اس تناظر میں سری نگر سمیت وادی کے متعدد اضلاع میں گزشتہ شب فضاؤں میں جنگی طیاروں کی پروازوں اور گرجدار آوازوں نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ رات گئے کئی بار آسمان سے لڑاکا طیاروں کی پروازوں کی آوازیں سنائی دیں جن سے ایک خوف اور بے چینی کا ماحول پیدا ہو گیا۔
شہریوں نے بتایا کہ جنگی طیاروں کی مسلسل نقل و حرکت اس بات کا عندیہ دے رہی ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی حالت میں ہیں۔ذرائع کے مطابق پہلگام حملے کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی ہندوپاک افواج کے درمیان زبردست کشیدگی پائی جا رہی ہے، جہاں وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولہ باری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں اور فضائی نگرانی کے دائرے کو مزید وسعت دی گئی ہے۔ادھر، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر نیم فوجی دستے بھی وادی بھر میں تلاشی اور ناکہ بندی کی کارروائیاں تیز کر چکے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کو بروقت روکا جا سکے۔
پہلگام سمیت جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں اضافی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔سیکیورٹی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ تمام اقدامات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ مرکزی و مقامی حکومتیں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہیں اور کسی بھی قیمت پر امن و امان کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔