عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر وِکاس کنڈل نے ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر میں ای آفس سسٹم کے نفاذ، توسیع اور عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔یہ اقدام حکومت کی کارروائیوں کو ڈیجیٹلائز کرنے اور کاغذی استعمال میں کمی لانے کی ایک بڑی کوشش کا حصہ ہے۔اجلاس میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، سب ڈویڑنز، تحصیلوں، بلاکوں اور سیکٹورل ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔اہم نکات میں ای آفس سسٹم کی حمایت کے لئے درکار انفراسٹرکچر کی ضروریات، عمل درآمد کے دوران موجود چیلنجز کی نشاندہی اور نیٹ ورک انفراسٹرکچر کنیکٹیویٹی شامل تھی۔ایک تفصیلی بحث نیٹ ورک کنیکٹیویٹی کے مسائل پر بھی کی گئی جن میںاین آئی سی این ای ٹی ،ایس ڈبلیو اے این اور بھارت نیٹ کے مسائل شامل تھے، اور ای آفس سسٹم کے مؤثر نفاذ کے لئے ضروری آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ضروریات پر بات کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بروقت کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر کی ایک جامع فہرست تیار کریں۔ افسران سے کہا گیا کہ وہ یہ معلومات دو دن کے اندر جمع کریں تاکہ نفاذ کے عمل میں آسانی ہو سکے۔تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (DIO) کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ای آفس سسٹم کے نفاذ میں کوئی مشکلات نہ آئیں۔ یہ اقدام عملی کارکردگی کو بہتر بنانے اور علاقے میں ڈیجیٹل حکمرانی کے وسیع تر مقصد میں معاونت فراہم کرنے کی توقع ہے۔