عظمیٰ نیوز سروس
کیف// یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل اور ڈرون حملے کے نتیجے میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 6 بچوں سمیت 63 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے جنوب میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ، جس میں مزدوروں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا۔یوکرین کے صدر زیلنسکی کا واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک جنگی جرم ہے جو شہریوں کے خلاف کیا گیا ہے ۔روس کی جانب سے میزائل حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز روس یوکرین جنگ میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، یوکرینی صدر نے براہ راست بات چیت پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے براہ راست گفتگو کے اشارے کے بعد یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے ۔یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی ہو تو روس کے ساتھ براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہیں، صدر زیلنسکی نے پیشکش کی ہے کہ روس حملے روکے تو کسی بھی سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران ماسکو اور کیف کے درمیان 24 گھنٹوں میں معاہدہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، ان کی جانب سے یوکرین پر روس کے ساتھ جلد از جلد ڈیل کرنے کا بہت زیادہ دباؤ ہے ۔