عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی کا کہنا ہے کہ پہلگام سانحے نے ہر کشمیری کو صدمے سے دو چار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں میں اس سانحے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے کیونکہ یہ ہمای شناخت اور تہذیب و تمدن پر حملہ ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاپہلگام سانحے سے کشمیری برا دری صدمے سے دوچار ہے، ہمارے الگ الگ سیاسی نظریات ہوسکتے ہیں لیکن اس سانحے نے ہر شخص کو غمگین کر دیا، اس لئے کہ یہ ہماری شناخت اور ہماری تہذیب و تمدن پر حملہ ہے، تمام کشمریوں میں اس سانحے پر شدید غم و غصہ ہے۔
ان کا کہنا تھاہم نے مہمان نوازی کرنا دنیا کو سکھائی ہے، یہ ہمارے مہمان تھے۔ تاریگامی نے کہاہم ملک کے عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جن لوگوں نے ان سیاحوں پر حملہ کیا وہ ہمارے کبھی نہیں ہوسکتے ہیں لیکن جن کی یہاں لاشیں اٹھائی گئیں وہ ہمارے ہیں اور ہمارے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم تشدد نہیں چاہتے ہیں، یہاں ہم نے قبرستان بہت دیکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھاآج کہا جا رہا ہے کہ ہندو مرا، لیکن جنہوں نے یہ کام انجام دیا انہیں نہ ہندو سے اور نہ ہی مسلمان سے پیار ہے بلکہ وہ دہشت سے محبت کرتے ہیں، ہمارے اس خطے میں میر واعظ کشمیر، مولوی محمد سعید جیسے بڑے لیڈر مارے گئے جو مسلمان تھے۔انہوں نے کہا کہ قاتل قاتل ہوتا ہے اس کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے اور نہ اس کا کوئی عقیدہ ہوتا ہے۔
موصوف رکن اسمبلی نے کہا کہ اس وادی میں لل دید، نند ریشی جیسی برگذیدہ شخصیات نے جنم لیا ہے جنہوں نے بھائی چارے کو دوام بخشا ہے۔انہوں نے کہاآج اگر نفرت کے بیج بونے کی کوشش کی جا رہی ہے اس کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں نے زخمیوں کے لئے خون کا عطیہ دیا۔
پہلگام سانحے نے ہر کشمیری کو صدمے سے دو چار کر دیا ہے: محمد یوسف تاریگامی
