عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام حملے میں 26 شہریوں کی ہلاکت کے بعد، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں آج شام ایس کے آئی سی سی، سری نگر میں آل پارٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حملے کی مذمت میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، اس قرارداد میں حملے کی شدید مذمت کی گئی، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور جموں و کشمیر کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔22 اپریل کو ہونے والے حملے کو وحشیانہ اور کشمیریت اور بھارت کے نظریے پر حملہ قرار دیا گیا۔
شرکاء نے نہتے شہریوں پر حملے کو شدید الفاظ میں مذمت کی اور گہرے صدمے اور رنج کا اظہار کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایسے بزدلانہ اور سفاکانہ افعال کا معاشرے میں کوئی مقام نہیں، اور یہ خطے کی روایتی اتحاد اور ہم آہنگی پر براہ راست حملہ ہیں۔
رہنماؤں نے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی مکمل حمایت کا عہد کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ملی ٹینسی کا کوئی بھی عمل ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔شرکاء نے حملے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بھی حمایت کی۔
حملے کےدوران سیاحوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان نچھارو کرنے والے مقامی گھوڑا بان سید عدل حسین شاہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔قرارداد میں انہیں کشمیریت اور وادی کی مہمان نوازی کی علامت قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی بہادری ہمیشہ کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی۔
قرارداد میں متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور ان کے ساتھ یکجہتی کا یقین دلایا گیا۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے سیاحوں کو دی جانے والی حمایت اور پورے خطے میں پرامن مظاہروں کے انعقاد کو بھی سراہا گیا۔
جموں و کشمیر سے باہر مقیم کشمیری طلباء اور شہریوں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، قرارداد میں تمام ریاستی حکومتوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔اس میں حکام سے کہا گیا کہ کشمیریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی ہراسانی، امتیاز یا دھمکی آمیز رویے کو روکا جائے۔
اجلاس میں سیاسی جماعتوں، مذہبی رہنماؤں، نوجوانوں کے گروپوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا سے اپیل کی گئی کہ وہ سکون و امن کو قائم رکھیں اور کسی بھی شرپسند کوشش کو ناکام بنائیں۔قرارداد میں جموں و کشمیر کی خوشحالی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آل پارٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب وزیر اعلیٰ سرندر چودھری، متعدد وزراء، ارکان پارلیمان، سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد، کانگریس رہنما طارق حمید قرہ اور نظام الدین بھٹ، سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی، پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون، پی ڈی پی کے محبوب بیگ اور بشارت بخاری، اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری، اور بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
سری نگر میں آل پارٹی اجلاس، پہلگام حملے پر قرارداد منظور،حملے کو ’’وحشیانہ، کشمیریت اور بھارت کے نظریے پر حملہ‘‘قرار دیا گیا
