عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر //ملک کی مختلف ریاستوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر شدید برہمی ، تشویش و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ایسے واقعات کشمیری نوجوانوں کو پشت بہ دیوار اور الگ تھلگ کررہے ہیں اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ایسے واقعات پر فوری طور پر بریک لگانی چاہئے۔
ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ پہلگام حملہ کشمیریوں کی مرضی نہیں ہو اہے اور کوئی بھی کشمیری اس حملے کی حمایت نہیں کرتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ کل یہاں کے لوگوں نے اپنی مرضی سے اس واقعہ کیخلاف ہمہ گیر ہڑتال کی اور جموںوکشمیر کے کونے کونے میں واقعہ کیخلاف احتجاج درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ہمیشہ امن پسند رہے ہیں اور سیاحوں کی مہمان نوازی کیلئے دنیا بھر میں طرہ امتیاز رکھتے ہیں، ہم اس واقعہ کی دل سے مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوثین افراد کو بے نقاب اور قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اگرچہ جموںوکشمیر حکومت اور وزیرا علیٰ نے فوری کارروائی کرکے مختلف ریاستوں کے سربراہان کیساتھ رابطہ کرکے ان واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی اور فوری طور پر ہیلپ لائن بھی دستیاب رکھی گئی تاہم میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے ریاستوں کوضروری ہدایات جاری کریں اور کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔اور ایسے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے جو کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں ملوث ہیں۔
مختلف ریاستوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش:ڈاکٹر فاروق
