عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی نے پہلگام حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیری طلبا اور تاجروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ امن چاہتے ہیں اور ہم مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
موصوف لیڈر، جو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی بیٹی ہیں، نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ہسپتال میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہامیں ملک کے لوگوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ جموں وکشمیر کے لوگ امن چاہتے ہیں، ہم پہلگام حملے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاہمارے سماج، جموں وکشمیر، ہمارے ملک میں تشدد کو کوئی جگہ نہیں ہے،یہ گاندھی جی کا انڈیا ہے، میں ملک کے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ہم سوگوار کنبوں کے اس غم میں برابر شریک ہیں۔
التجا نے کہامیں یہاں جی ایم سی میں زیر علاج زخمیوں سے ملی جن کی حالت بہتر ہو رہی ہے جس کے لئے میں ہسپتال انتظامیہ کو شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے کہامیں ملک کے عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا، جو وہاں اچھی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کا خیال رکھیں بلکہ ان تاجروں کا بھی خیال رکھیں جو مختلف حصوں میں تجارت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھامیری وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے بھی اپیل ہے کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیریوں چاہئے وہ تاجر ہیں یا طلبا ہیں ، کا خیال رکھیں، ہم مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘مجھے ملک کی قیادت پر پورا یقین ہے اور مجھے وزیر اعظم پر یقین ہے وہ اس بحران کو بخوبی قابو کریں گے۔
التجا مفتی کی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے ملک کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیریوں کا خیال رکھنے کی اپیل
