عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بانڈی پورہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران لشکرِ طیبہ سے وابستہ ملی ٹینٹ معاونین کے ایک سرگرم نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق انہیں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ چند ملی ٹینٹ اعانت کار، اپنے ہینڈلرز کی ہدایات پر، سیکیورٹی فورسز اور غیر مقامی افراد پر حملے کی سازش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی سیکورٹی فورسز نے بانڈی پورہ میں مختلف مقامات پر خصوصی ناکے قائم کئے۔
موصوف ترجمان کے مطابق بانڈی پورہ پولیس، 45 بٹالین سی آر پی ایف (ڈی-کمپنی) اور 13 راشٹریہ رائفلز (ای-کمپنی) نے مشترکہ طورپر کانی نائد کھائی سمبل میں ناکہ لگایا جس دوران دو مشتبہ افراد جن کی شناخت محمد رفیق کھانڈے ولد محمد افضل کھانڈے ساکن کھانڈے محلہ واتل پائیرہ بانیاری اور مختار احمد ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن بُن پورہ محلہ ایس کے بالا کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتاری شدگان کے قبضے سے دو چینی ہینڈ گرینیڈ، ایک 7.62 ایم ایم میگزین، اور 30 گولیوں کے راونڈ برآمد کئے گئے۔اس حوالے سے پولیس اسٹیشن سمبل میں یواے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 88/2025 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں بانڈی پورہ پولیس نے 3 بٹالین سی آر پی ایف (ایف-کمپنی) اور 13 راشٹریہ رائفلز اجس کیمپ کے ہمراہ صدونارہ اجس میں ایک اور مشترکہ ناکہ قائم کیا۔ چیکنگ کے دوران دومزید مشتبہ افراد، رئیس احمد ڈار ولد ثنا اللہ ڈار ساکن صدرکوٹ بالا، اور محمد شفیع ڈار ولد محمد سلطان ڈار ساکن بانیاری کو حراست میں لیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے مشتبہ افراد کے قبضے سے ایک چینی ہینڈ گرینیڈ، ایک 7.62 ایم ایم میگزین، اور 30 راؤنڈز 7.62 ایم ایم گولیاں برآمد ہوئیں۔اس معاملے میں بھی پولیس اسٹیشن سمبل میں یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر نمبر 87/2025 درج کی گئی ہے اور تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے بتایا کہ وہ ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ کے سرگرم بالائی زمین ورکر ہیں، جنہیں اجس، نائدکھائی، سمبل اور ملحقہ علاقوں میں پولیس، سیکیورٹی فورسز اور غیر مقامی افراد کو نشانہ بنانے کا کام سونپا گیا تھا۔پولیس نے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے سے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لشکر طیبہ کے مدد گاروں سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
بانڈی پورہ میں لشکرِ طیبہ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش، 4 ملی ٹینٹ معاونین اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار
