فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کیساتھ دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملی ٹینٹ مارے گئے۔فوج کی چنار کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ23 اپریل 2025 کو، تقریباً 2سے3 ملی ٹینٹوں نے اوڑی میں ایل اوسی کیساتھ ایک نالے کے قریب عمومی علاقے سرجیون میں گھسنے کی کوشش کی۔فوج نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر موجود چوکس فوجیوں نے دراندازوں کو روکا جس کے نتیجے میں فائرنگ شروع ہوئی۔سیکورٹی حکام نے بتایا کہ اوڑی سیکٹر میں جاری دراندازی مخالف آپریشن میں 2ملی ٹینٹ مارے گئے ۔حکام نے کہاکہ ممکنہ طور پرکم سے کم ایک درانداز اسی علاقے میں موجودیا چھپا ہوا ہے ،اوراسکی تلاش کیلئے آپریشن جاری رکھاگیاہے ۔اس دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر میانک شکلا، کرنل ایس آرپاتی اور ایس پی او پریشنز بارہمولہ فیروز یحییٰ نے میڈیا کو آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریگیڈیئر شکلا نے کہاکہ تقریباً ایک بجے، ایل او سی پر تعینات الرٹ دستوں نے نامعلوم افراد کی مشکوک نقل و حرکت کا پتہ لگایا ،جو ہندوستانی علاقے میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بریگیڈیئر شکلا نے کہاکہ دراندازوں کو فوری طور پر چیلنج کیا گیا،جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہاکہ مقابلے کے نتیجے میں2 دہشت گرد مارے گئے۔ کرنل پاتی نے کہاکہ انکاؤنٹر کی جگہ سے، ہم نے2اے کے سیریز کی رائفلیں، ایک چینی پستول، 10 کلوگرام آئی ای ڈی اور دیگر جنگی اسٹورز کے ساتھ برآمد کیا ہے ۔ادھرجموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں بدھ کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولی باری شروع ہوگئی۔ حکام نے بتایاکہ سیکورٹی فورسز نے ضلع کولگام کے اہر بل ٹنگمرگ علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد محاصرے اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد انکائونٹر شروع ہوا۔پولیس نے کہا کہ شام دیر گئے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔