عظمیٰ ویب ڈیسک
لکھنؤ/مہاراج گنج/جموںکشمیر کے پہلگام میں ملی ٹینٹ حملے کے بعد اترپردیش میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار نے پہلگام حملے کے بعد اترپردیش پولیس کے لئے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہے ریاست کے سبھی حساس اضلاع، دیگر ریاستوں کے سرحد ی اضلاع میں ملی ٹینٹ و دیگر تنظیموں کی سرگرمیوں پر اچکتی نگاہ رکھی جائے۔
اس کے علاوہ ریل، سڑک و ہائی آمدورفت پر اضافی حساسیت برتنے، پہلے سامنے آئے شرپسند عناصر، ملک مخالف عناصر پر خاص نظر رکھنے، سیاحوں کی خصوصی سیکورٹی یقینی کرنے، غیر ملکی سیاحوں کی سیکورٹی پر نظر رکھنے،نیپال کی بین الاقوامی سرحد سے منسلک علاقوں و بس ریلوے اسٹیشنوں پر سخت نگرانی کا حکم دیا ہے۔ڈی جی پی نے اہم مذہبی مقامات خاص کر اجودھیا، کاشی، متھرا، تاج محل وغیرہ کی سیکورٹی طے شدہ ایس او پی کے مطابق یقینی کرنے کا حکم دیا ہے۔
دریں اثناءحملے کے بعد نیپال سرحد سے منسلک اترپردیش کے مہاراج گنج سمیت دیگر علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔حملے کے فورا بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے نیپال سرحد سے منسلک علاقوں میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا ہے۔
ضلع میں واقع ہندوستان۔نیپال سرحد پر مسلح فورس اور مقامی پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظام کردئیے ہیں۔ نیپال سے آنے۔جانے والوں کی باریکی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ ان کے سامان اور شناختی کارڈ کی جانچ کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرحد پر ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے گاڑیوں اور سامان کی جانچ کی جارہی ہے۔ وہیں سی سی ٹی وی کیمروں سے لگاتار نگرانی کی جارہی ہے۔ ہندوستان۔ نیپال کی 84 کلو میٹر لمبی کھلی سرحد پر پٹرولنگ بھی تیز کردی گئی ہے۔ تاکہ کوئی بھی ملک مخالف عناصر ملک میں داخل نہ ہوسکیں۔ وہیں اے ایس پی امت کمار سنگھ نے بتایا کہ سرحد پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور نیپال سے ہندوستان میں داخل ہونے والوں کی باریکی سے جانچ کی جارہی ہے۔
پہلگام حملے کے بعد یوپی میں ہائی الرٹ،نیپال سرحد پر سیکورٹی میں اضافہ
