عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز پہلگام میں ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔
سری نگر کے گھنٹہ گھر پر احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، محبوبہ مفتی نےگہرے دکھ کا اظہار کیا اورکہا معصوم سیاحوں پر حملہ صرف جانوں پر نہیں بلکہ کشمیریت پر حملہ ہے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
محبوبہ مفتی نے موجودہ دورۂ کشمیر پر آئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ حملہ آوروں کی جلد از جلد شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنائیں۔ وزیر داخلہ یہاں موجود ہیں؛ انہیں چاہیے کہ فوری کارروائی کریں تاکہ مجرموں کو ان کے کیے کی سزا ملے۔
انہوں نے اس حملے کو ’’بزدلانہ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا،لوگ کشمیر کی خوبصورتی اور امن کا لطف لینے آتے ہیں، لیکن اس حملے نے اس شبیہ کو داغدار کر دیا ہے۔ کشمیر اس واقعے پر شرمندہ ہے، اور ہم اس بحران کی گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے کہامیں اپنے ملک کے لوگوں سے اس سانحے پر دلی افسوس اور معذرت کا اظہار کرتی ہوں۔ ہمیں اس واقعے پر بہت دکھ ہے۔قابل ذکر ہے کہ پی ڈی پی نے آج سری نگر میں پہلگام حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ــ
پی ڈی پی کا سری نگر میں احتجاج،معصوم سیاحوں پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے: محبوبہ مفتی
